وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی، انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سال میں شہر میں ایک ہزار سے زائد بسیں لائی جائیں گی جبکہ دسمبر میں ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسیں بھی پہنچ جائیں گی۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نیوز بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جیمز اینڈ جیولری کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گندم کے کاشتکاروں کو 16 ارب 90 کروڑ روپے کی امداد دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ سندھ سیف سٹی منصوبے کے دوسرے فیز کے لیے 5 ارب 76 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے، ایس آئی یو ٹی کے آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ کے لیے ڈیڑھ ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وائلڈ لائف گارڈز کی خالی آسامیوں پر بھرتی اور مختلف شعبوں میں سکالرشپس بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ شکار کے لیے مزید اجازت نامے جاری نہیں کیے جائیں گے جبکہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن میں ڈاکٹروں کے ناموں کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ بی آئی ایس پی متاثرہ افراد کو مالی امداد فراہم کرے گی۔