اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب ایگزیکٹو مارکی راہوالی میں منعقد ہوئی،تقریب میں 93 مسلم اور 17 مسیحی جوڑوں کی شادیاں کروائی گئیں۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے خصوصی شرکت کی اور نومنتخب جوڑوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دو لاکھ روپے سلامی پیش کی اور مبارکباد دی۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام مستحق والدین کو مالی مشکلات سے نجات دلانے کا قابلِ تحسین اقدام ہے، رواں سال پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں 5 ہزار شادیاں کروائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہمت کارڈ، مصنوعی اعضا اور معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ثابت کیا ہے کہ ریاست ماں جیسی ہے، دھی رانی پروگرام مستحق بیٹیوں کی خوشیوں اور باوقار مستقبل کا ضامن بن رہا ہے۔تقریب میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر، ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، رکن قومی اسمبلی شازیہ فرید، ارکان پنجاب اسمبلی عمر فاروق ڈار، وقار احمد چیمہ اور صائمہ زاہد سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، خطیب اوقاف گوجرانوالہ حافظ شاہد فاروق نے نئے جوڑوں اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کروائی جبکہ پاسٹر پروفیسر شہزاد لارنس نے بھی دعا کی۔