دبئی کورٹ آف فرسٹ انسٹینس کے مطابق حادثہ 12 اگست 2025ء کو ابوظہبی کی شیخ شخبوط بن سلطان اسٹریٹ پر پیش آیا تھا، جہاں دوسرے فریق کی گاڑی کے ڈرائیور کی توجہ سڑک سے ہٹنے کے باعث گاڑی کئی دوسری گاڑیوں سے ٹکرا گئی، حادثے میں متاثرہ ڈیلیوری ڈرائیور کو سر، سینے، ریڑھ کی ہڈی، دائیں ٹانگ، پاؤں اور پیٹ پر شدید چوٹیں آئیں، جبکہ جگر اور دائیں گردے کو بھی نقصان پہنچا۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق زخمی شخص کو 12 اگست 2025ء کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کے متعدد آپریشن ہوئے اور وہ 18 ستمبر تک زیر علاج رہا، ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد بھی اسے پیٹ اور کمر میں مسلسل درد سمیت دیگر طبی مسائل کا سامنا رہا۔عدالت میں پیش کی گئی فرانزک میڈیکل رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں متاثرہ شخص کے نظام انہضام کو 25 فیصد، دائیں گردے کو 40 فیصد، دائیں ٹانگ اور پاؤں کو 40 فیصد جبکہ ریڑھ کی ہڈی کو 10 فیصد مستقل نقصان پہنچا۔متاثرہ شخص نے عدالت سے 20 لاکھ درہم ہرجانے کی درخواست کی تھی۔ اس کا مؤقف تھا کہ حادثے کے باعث وہ ڈیلیوری ڈرائیور کی ملازمت جاری رکھنے کے قابل نہیں رہا اور اپنی آمدنی کے بنیادی ذریعے سے محروم ہوگیا، جس سے اس کے خاندان کی کفالت بھی متاثر ہوئی۔عدالت نے قرار دیا کہ زخمی شخص کی جسمانی معذوریوں نے اس کے معیار زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، خصوصاً اس لیے کہ وہ کم عمر تھا اور روزگار کیلئے اپنی جسمانی صلاحیتوں پر انحصار کرتا تھا، عدالت نے حادثے کی ذمہ داری کا تعین کرنے کیلئے پولیس رپورٹ، طبی ریکارڈ اور دیگر شواہد کا بھی جائزہ لیا۔