ان تنصیبات میں ردوبدل، مداخلت، غلط استعمال یا ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنا بھی جرم تصور ہوگا، جس پر کم از کم 2 سال قید، 2 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔آرڈیننس کے مطابق کوئی بھی شخص قانونی اجازت کے بغیر اتھارٹی کی ملکیت، زیرِ انتظام یا کنٹرول میں موجود کسی اثاثے، آلات، سی سی ٹی وی نگرانی کے نظام، مواصلاتی نیٹ ورک، فائبر آپٹک کیبل یا دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔نئے قانون کے تحت اتھارٹی کو سرکاری اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں اور فائبر آپٹک نیٹ ورکس کا معائنہ کرنے اور انہیں اپنے نظام سے منسلک کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔یہ اقدام ڈیجیٹل نگرانی کو بہتر بنانے اور عوامی تحفظ یقینی بنانے کے لیے کیا جا سکے گا، تاہم اس مقصد کے لیے سکیورٹی وجوہات کو تحریری طور پر ریکارڈ کرنا ضروری ہوگا۔آرڈیننس میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اختیار کے استعمال کے دوران شہریوں کی نجی زندگی کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، نجی رہائش گاہوں یا ایسی جگہوں پر، جو عوام کے لیے کھلی نہیں ہیں، یہ اختیار استعمال نہیں کیا جا سکے گا، البتہ قانون کی اجازت کی صورت میں استثنا ہوگا۔اتھارٹی کے اہم بنیادی ڈھانچے، معلوماتی نظام یا ڈیٹا تک غیرقانونی رسائی حاصل کرنے، ان میں مداخلت کرنے یا انہیں نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، ایسے جرائم کو پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعات 3 سے 8 کے تحت نمٹایا جائے گا۔اتھارٹی کے پاس محفوظ اور ریکارڈ شدہ ڈیٹا قانونِ شہادت 1984 کے آرٹیکل 164 کے تحت عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا جا سکے گا۔اتھارٹی کے ملازمین کو آرٹیکل 59 کے تحت ماہر تصور کیا جائے گا، جبکہ انہیں ضابطۂ فوجداری 1898 کی دفعہ 510 کے تحت مقرر کردہ ماہر کا درجہ بھی حاصل ہوگا۔آرڈیننس کے تحت اتھارٹی کی ہدایات پر عمل نہ کرنے، کیمروں یا حفاظتی تقاضوں کی تعمیل سے انکار کرنے یا معائنے اور نظام کو منسلک کرنے کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے نجی اور تجارتی اداروں کو 15 روز کے اندر تعمیل کرنے کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔قانون میں اتھارٹی کے چیئرمین، وائس چیئرمین، منیجنگ ڈائریکٹر، چیف آپریٹنگ آفیسر، ارکان، افسران، ملازمین، ماہرین اور مشیروں کو آرڈیننس کے تحت نیک نیتی سے کیے گئے اقدامات پر قانونی کارروائی سے تحفظ بھی دیا گیا ہے۔مزید برآں، آرڈیننس کی کسی شق اور ملک میں نافذ دوسرے قانون میں تضاد کی صورت میں متعلقہ معاملے پر آرڈیننس کی دفعات کو فوقیت حاصل ہوگی، حکومت اس کے نفاذ کے لیے قواعد جبکہ اتھارٹی قواعد کے تابع رہتے ہوئے ضوابط بھی مرتب کر سکے گی۔