اسرائیل پر حملے کی ایرانی دھمکی پر روس اور جرمنی کا ردعمل بھی آگیا

ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کی دھمکی کے پیش نظر روس اور جرمنی نے مشرق وسطیٰ کے ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں.غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ماسکو نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں مشرق وسطیٰ کے سفر پر خبردار کیا ہے جبکہ جرمن ایئر لائن لفتھانسا نے تہران کے لیے دو میں سے ایک پرواز کی معطلی میں توسیع کر دی ہے۔واضح رہے کہ ایران نے یکم اپریل کو دمشق میں اپنے سفارت خانے کے احاطے پر کیے گئے اسرائیلی فضائی حملے کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر تھا۔ حملے میں ایک اعلیٰ ایرانی جنرل اور 6 دیگر ایرانی فوجی افسران ہلاک ہوگئے تھے۔جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیربوک نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کو فون کیا کہ وہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے “زیادہ سے زیادہ تحمل” پر زور دیں۔دوسری جانب روس کی وزارت خارجہ نے شہریوں سے کہا کہ وہ مشرق وسطیٰ خاص طور پر اسرائیل، لبنان اور فلسطینی علاقوں کا سفر نہ کریں۔کریملن کے ترجمان نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ ابھی ہر کسی کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ خطے کی صورتحال مکمل طور پر عدم استحکام کا باعث نہ بن سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں