پنجاب حکومت کی طرف سے صوبہ بھر میں 50ہزار سولر سسٹم دینے کا اعلان

پنجاب حکومت کی طرف سے’’وزیراعلیٰ روشن گھرانہ پروگرام۔۔۔بل سے نجات روشنی کے ساتھ‘‘کے تحت صوبہ بھر میں 50ہزار سولر سسٹم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اس پروگرام میں 1ارب 26لاکھ روپے کی لاگت سے پنجاب کے 50ہزار شہریوں کو سولر سسٹمز مہیا کیے جائیں گے۔ روشن گھرانہ پروگرام کے تحت شہری جائیداد کی خریداری، گھر کی تعمیر یا تزئین و آرائش کے لیے آسان اقساط پر قرض بھی حاصل کر سکتے ہیں۔شہری اپنے پلاٹ یا تعمیر کی لاگت کے 85فیصد اور تزئین و آرائش کی لاگت کے 30فیصد کے برابر قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ شہریوں کو یہ قرض 3سے 25سال کے عرصے میں آسان ماہانہ اقساط کی صورت میں ادا کرنا ہو گا۔ صوبہ پنجاب کے تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار شہری اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ تنخوادار شہریوں کے پاس قومی شناختی کارڈ اور نان ریزیڈنٹ آر ڈی اے اکائونٹ ہونااور ان کا کم از کم مسلسل دو سال سے ملازمت میں ہونا لازمی ہے۔ غیرتنخواہ دار طبقے کے لیے قومی شناختی کارڈ، نان ریزیڈنٹ آر ڈی اے اکائونٹ کا حامل ہونا اور کم از کم مسلسل دو سال سے ذاتی کاروبار ہونا لازمی ہے۔ روشن گھرانہ پروگرام میں درخواست دینے کے لیے شہریوں کو آن لائن فارم بھرنا ہو گا اور تمام مطلوبہ دستاویزات مہیا کرنی ہوں گی جن میں پاسپورٹ سائز رنگین تصاویر، شناختی کارڈ کی کاپی، بینک سٹیٹمنٹ اور پراپرٹی الاٹمنٹ، ٹرانسفر یا ٹائٹل کا ثبوت شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں