پنجاب؛ ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا، مطالبات منظور

راولپنڈی: ملازمین کا احتجاج اور تالا بندی کا مثبت نتیجہ سامنے آ گیا۔ حکومت پنجاب نے مظاہرین کے 2 مطالبات تسلیم کرلیے۔ پنجاب حکومت نے احتجاجی ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فی صد اور پنشن میں 17 فی صد اضافے کا مطالبہ مان لیا، تاہم لیو انکیشمنٹ کا مطالبہ تسلیم نہیں ہو سکا۔ جس کے بعد احتجاج پر بیٹھے ملازمین نے محرم الحرام کے باعث احتجاج مؤخر کردیا۔

صوبائی حکومت کے ساتھ معاملات طے ہونے کے بعد راولپنڈی میں واسا ، آر ڈی اے، پی ایچ اے کے میونسپل کارپوریشن کے دفاتر میں تالا بندی ختم کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں یونین رہنما کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے بعد لیو انکیشمنٹ کا مطالبہ اٹھائیں گے ۔ بعد ازاں میونسپل یونین کے صدر راجا ہارون، واسا یونین کے جنرل سیکرٹری راجا افتخار نے احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کیا ۔

دوسری جانب لاہور میں بھی مظاہرین کے ساتھ لیگی رہنما ملک احمد خان کے مذاکرات ہوئے، جس کے بعد سرکاری ملازمین کا حکومت سے معاہدہ طے پا گیا، جس کے مطابق گریڈ ایک تا 16 رننگ بیسک پر 35 فی صد اضافہ ہوگا۔ گریڈ 17 تا 22 رننگ بیسک پر 30 فی صد اضافہ ہوگا۔ معاہدے میں طے پایا کہ لیو انکیشمنٹ کی رقم رننگ بیسک کے مطابق دی جائے گی۔ وفاق کی طرز پر پنشن میں 17.5 فی صد اضافہ ہوگا۔رہنماؤں کی جانب سے فیصلے کے بعد ملازمین نے دھرنا ختم کردیا، تاہم دھرنے کے قائدین نوٹیفکیشن کے اجرا تک لاہور ہی میں قیام کریں گے۔ اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے نوٹیفکیشن جاری نہ ہو تو محرم الحرام کے بعد دوبارہ دھرنا دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں